فیکٹریوں کے زہریلے پانی سے ہزاروں مچھلیاں مر گئیں

فیکٹریوں کے زہریلے پانی سے ہزاروں مچھلیاں مر گئیں

کراچی (رپورٹ: آصف سہتو) حب کے قریب فیکٹریوں کے زہریلے پانی کے باعث ہزاروں کی تعداد میں مچھلیاں کناروں پر مردہ پائی گئی ہیں۔

بڑی تعداد میں مچھلیوں کی ہلاکت کے باعث علاقے کے مکین حیران رہ گئے، تاہم بعد ازاں ماحولیات کا تحفظ کرنے والے اداروں اور متعلقہ علاقے کے مکینوں نے بتایاکہ چند روز سے فیکٹریوں سے کالا اور بدبودار زہریلا پانی خارج کیا جا رہا ہے ، جس کے باعث سمندر کے کناروں پر کھڑا رہنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 روز سے مردہ مچھلیاں کناروں پر آ رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مقام مچھلیوں کی نرسری ہے اور یہاں سے مچھلیا ں پیدا ہو کر سمندر کی جانب بھی جاتی ہیں، کیمیکل زدہ زہریلے پانی کے باعث مقامی ماہی گیروں کا روزگار بھی تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مواد آہستہ آہستہ سمندر کی جانب بھی جا ئے گا، جس سے آبی حیات کو شدید خطرہ ہے ۔ دوسری جانب ادارہ تحفظ ماحولیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمران سعید کاکڑ نے بتایا کہ جس مقام پر مردہ مچھلیاں پائی گئی ہیں وہاں سے ٹیسٹ کے لیے سمندر کے پانی کے نمونے حاصل کئے جائیں گے اور غفلت برتنے والی فیکٹریوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کسی کو ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، چاہے وہ کتنا ہی بااثر ہو۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں