شارع فیصل پر کارالٹ گئی، ایک شخص جاں بحق،2 زخمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور باپ بیٹے سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے شارع فیصل ٹی آر جی بلڈنگ کے قریب تیز رفتار کار نمبر ADZ-190 ڈرائیور سے بے قابو ہو کر وین سے ٹکراتے ہوئے الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اس کے پاس سے ملنے والے شناختی کارڈ سے 42 سالہ اسد اقبال ولد محمد اشرف کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمیوں میں متوفی کا بیٹا 18 سالہ حسن ولد اسد اقبال اور 25 سالہ طاہر ولد سید اصغر شامل ہیں۔ سپر ہائی وے ناردرن بائی پاس کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 78 سالہ لائق ولد سونو جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا تھاکہ متوفی موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ عقب سے آنے والی تیز رفتار گاڑی ٹکر مارتے ہوئے فرار ہوگئی، تاہم پولیس مزید جانچ کررہی ہے ۔ کھارادر کے علاقے ٹاور میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت 25 سالہ شاکر ولد ناصر کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے اور واقعہ کی مزید جانچ شروع کر دی۔ علاوہ ازیں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اسپارکو روڈ پر تیزرفتار ڈمپر کی ٹکرسے موٹر سائیکل سوار باپ اور بیٹا زخمی ہوگئے ، جنہیں قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس نے رابطہ کرنے پر واقعہ سے لاعلمی ظاہر کی۔