پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنان کا انٹرا پارٹی الیکشن کا مطالبہ

پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنان کا انٹرا پارٹی الیکشن کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کراچی کے نظریاتی کارکنوں نے سندھ میں تنظیم سازی کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں تنظیموں کی تحلیل کے بعد فوری انٹرا پارٹی الیکشن کرائے جائیں۔

 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے تمام کوآرڈی نیٹرز کو 15 یوم میں ہٹا یا جائے، پارٹی کے منظم اور نظریاتی ورکرز کو ان کا حقیقی مقام دینے کے لئے گورنر سندھ ورکرز ویلفیئر سیل قائم کریں اور نظریاتی کارکنان کو جائز مقام دیا جائے ۔ یہ مطالبات گزشتہ روز تحریک انصاف کے دفتر انصاف ہائوس کراچی میں ورکرز مشاورتی اجلاس میں پارٹی کے بانی رکن و سابق صدر کراچی اشرف جبار قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کئے۔ اجلاس میں بڑی تعداد میں کارکنان شریک تھے۔

شرکا نے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف شکایات کے انبار لگا دئیے ۔ اشرف جبار قریشی نے مزید کہاکہ عمران خان نے ہمیشہ نظریاتی کارکنان کو مقام دیا ہے ، مگر چند مفاد پرست عناصر نے اقتدار میں آنے کے بعد چیئر مین عمران خان اور پارٹی ورکرز کے درمیان دوریاں پیدا کردی ہیں، مگر ہم کارکنان کو یقین دلا تے ہیں کہ ان میں پائی جانے والی تشویش کو دور اور مسائل حل کرانے کے لئے ورکرز کی آواز بنوں گا ،ہم عمران خان کے نہیں بلکہ مفاد پرست و کرپٹ عناصر کے خلاف ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں