بلدیہ عظمیٰ:خلاف ضابطہ ترقی پانے والے افسران براجمان

بلدیہ عظمیٰ:خلاف ضابطہ ترقی پانے والے افسران براجمان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی میں اوپی ایس اور خلاف ضابطہ ترقی حاصل کرنے والے افسران بدستور موجود ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی ان کی موجودگی پر خاموشی اختیار کرلی ہے۔

 سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم بلدیہ عظمیٰ الطاف حسین ساریو اور میونسپل کمشنر افضل زیدی بھی ڈبل چارج رکھنے والے افسران ہیں۔ یہ دونوں افسران بھی او پی ایس کے زمرے میں آتے ہیں۔ کے ایم سی کے دیگر ایسے افسران کیخلاف بھی عدالتی احکامات کی روشنی میں کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ ذرائع کے مطابق ا س وقت کے ایم سی میں متعدد افسران او پی ایس کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ امتیاز ابڑو گریڈ 18میں ہونے کے باوجود گریڈ 19 کی پوسٹ پر فائز ہیں۔

سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ سمیرا حسن 18کے باوجود گریڈ19 کی پوسٹ پر فائزہیں۔ ڈی جی پارکس جنید خان گریڈ 19کے ہونے کے باوجود گریڈ 20 کی پوسٹ پر فائز ہیں۔ ڈائریکٹر اکاموڈیشن جامن داس گریڈ 17کے ہونے کے باوجود گریڈ 19 کی پوسٹ پر کام کررہے ہیں۔ ڈی جی ٹیکنیکل سروسز شبیہ الحسنین، سینئر ڈائریکٹر ٹرمنلز عمران صدیقی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس محمد تحسین اور مظہر علی شیخ پر آئوٹ آف ٹرن ترقیاں حاصل کرنے کا الزام ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں