عوامی لانگ مارچ استحکام جمہوریت کی ریلی،حبیب جنیدی

عوامی لانگ مارچ استحکام جمہوریت کی ریلی،حبیب جنیدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلاول بھٹو کی نوجوان اور پرعزم قیادت میں 27 فروری کو مزار قائد کراچی سے اسلام آباد تک نکالا جانے والا عوامی لانگ مارچ درحقیقت استحکام جمہوریت کی تاریخی ریلی ہے جس کے نتیجے میں پارلیمان، تمام جمہوری ادارے اور وفاقِ پاکستان مستحکم ہوگا۔

 ان خیالات کا اظہار پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر و سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی، جنرل سیکریٹری سید فیاض علی شاہ، سینئر نائب صدر لعل بخش کلہوڑو اور انفارمیشن سیکریٹری سلیم سومرو نے مشترکہ بیان میں کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پیپلز لیبر بیورو اس ضمن میں ملک بھر بالخصوص سندھ کے مزدوروں اور ٹریڈ یونین تنظیموں کو متحرک کرے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لئے منظم کی جانے والی اس تحریک میں بھرپور حصہ لے گا۔

قائدین نے کہا کہ تاریخی لانگ مارچ میں منظم انداز میں شرکت کرنے کے لئے پیپلز لیبر بیورو سندھ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور تمام ڈویژنل و ضلعی صدور، جنرل سیکریٹریز اور انفارمیشن سیکریٹریز کا مشترکہ اجلاس 18 جنوری منگل (آج) کوحیدرآباد، سندھ میں طلب کرلیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں تاریخی مارچ کے حوالے سے سندھ بھر میں احتجاجی اجلاس، مظاہرے، پریس کانفرنسز اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔  مزدور رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے مزدور طبقہ انتہائی منظم انداز میں چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں جدوجہد کریگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں