کھیلوں کے فروغ کیلئے سب کومل کر کام کرناہوگا، کمشنر کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے تمام ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں کھیلوں کی سرگرمیوں پر توجہ دیں اورکھیلوں کی حوصلہ افزائی کریں۔
کراچی میں کھیلوں کے فروغ کے لئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ، شہری انتظامیہ کراچی میں عدم توجہی اور تجاوزات سے متاثرہ کھیل کے میدانوں کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرام باغ میں چوتھے کمشنر کراچی آفس کے زیر اہتمام منعقدہ کمشنر کراچی ونٹر باسکٹ بال کوچنگ کیمپ میں تربیت لینے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وائی ایم سی اے کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، وائی ایم سی اے میں تمام روایتی کھیلوں کی سرگرمیاں جلد شروع کی جائیں گی۔
وائی ایم سی اے میں باسکٹ بال کورٹ قائم کرنے کی ضرور ت ہے، لہٰذا وائی ایم سی اے میں باسکٹ بال کورٹ بھی قائم کیا جائے گا، دیگر جن اضلاع میں جہاں باسکٹ بال کورٹ نہیں ہیں وہاں بلدیاتی اداروں یا نجی اداروں کے تعاون سے باسکٹ بال کورٹ بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تمام اضلاع میں کھیل کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ باسکٹ بال کیمپ 25 دسمبر کو شروع ہوا تھا،کیمپ میں آٹھ سال تا 18 سال کے 51کھلاڑیوں نے شرکت کی۔