ادارہ ترقیات بھی واٹربورڈ کی اراضی کا دعویدار بن گیا

 ادارہ ترقیات بھی واٹربورڈ کی اراضی کا دعویدار بن گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل اسٹیڈیم کے قریب واقع ایم ڈی واٹر بورڈ کی رہائش گاہ سے متصل کروڑوں روپے مالیت کی اراضی پر مختلف نجی پارٹیوں کے بعد ادارہ ترقیات کراچی بھی دعویدار بن کر سامنے آ گیا۔

وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے احکامات پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف علی میمن نے گلشن اقبال بلاک 17 اسکیم 24 میں موجود ججز سوسائٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر محمد اورنگزیب اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ عابد زیدی کو ہدایت جاری کی کہ متعلقہ اراضی کی ڈیمارکیشن کی جائے اور اسے مکمل واگزار کراکر جنرل سیکریٹری ججز سوسائٹی کے حوالے کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ ترقیات کراچی سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کررہا ہے، اس ضمن میں سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، متعلقہ حکام ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر تحریری رپورٹ ڈی جی آفس میں پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں شہر کراچی کی ترقی اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام تر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ واضح رہے کہ مذکورہ اراضی پر کرا چی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا بھی دعویٰ ہے، ماضی میں واٹربورڈ اس طرح کے تمام آپریشنوں کو ناکام بناتا رہاہے، ادارہ ترقیات کراچی پہلی بار اس زمین کا دعو ے دار بن کرسامنے آ رہا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں