آرٹس کونسل میں بروشسکی زبان کی ترویج کیلئے کانفرنس کا انعقاد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلگت بلتستان لٹریری فورم اور آرٹس کونسل کے اشتراک سے پہلی بروشسکی کانفرنس گزشتہ روز آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔
بروشسکی زبان و ادب کی تاریخ، حال، مستقبل اور جدید دور میں بروشسکی جیسے اہم موضوعات پر ماہرین نے سیر حاصل گفتگو کی۔ بروشسکی زبان وادب کی تاریخ، حال اور مستقبل کے موضوع پر منعقدہ اجلاس میں اسکردو یونیورسٹی میں شعبہ لسانیات کے سربراہ ڈاکٹر محمد عیسیٰ، نامورمحقق شہناز ہنزئی، معروف بروشسکی شاعر و محقق بروشو ڈوڈوک نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں جموں وکشمیر میں بولی جانے والی بروشسکی زبان کے حوالے سے امریکا سے ڈاکٹر صدف منشی نے ویڈیو لنک کے ذریعہ کانفرنس میں شرکت کی۔ جدید دور میں بروشسکی کے عنوان سے منعقدہ اجلاس میں محقق رضوان قلندر، صحافی منہاج موسوی او شاعر علی احمد جان نے سیر حاصل گفتگو کی۔