ٹیم کراچی کے تحت سلائی کی 6 ماہ کی ٹریننگ مکمل

ٹیم کراچی کے تحت سلائی کی 6 ماہ کی ٹریننگ مکمل

کراچی (سٹی ڈیسک) ممتاز سماجی تنظیم ٹیم کراچی کے زیر اہتمام 66 خواتین و مردوں کو سلائی کی 6 ماہ کی ٹریننگ کی کامیاب تکمیل پر سرٹیفکیٹس اور سلائی مشینیں تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔

 پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ٹیم کراچی 7 برسوں سے بلامعاوضہ سلائی ٹریننگ اور متعلقہ کورسز کرارہی ہے، اب تک تقریباً566 خواتین و حضرات کورسز مکمل کرچکے ہیں اور انہیں ٹیم کراچی کی جانب سے روزگار کیلئے بھاری مالیت کی مشینیں، سرٹیفکیٹس اور نقد رقم بطور انعام دی جا چکی ہے۔ پاک قطر تکافل گروپ نے اس تقریب کو اسپانسر کیا تھا۔ اس موقع پر پاک قطر تکافل کے چیف آپریٹنگ آفیسر شعیب اختر اور مارکیٹنگ منیجر طارق حبیب سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب میں کورسز مکمل کرنے والے افراد اور ان کے اہلخانہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کراچی کا شکریہ ادا کیا ۔ ٹیم کراچی کے صدر ثاقب ذیشان نے ٹیم کراچی کے مختلف پروجیکٹس کی تفصیل پر روشنی ڈالی اور کورس مکمل کرنے والے افراد کو مبارکباد دی۔ وائس پریزیڈنٹ ٹیم کراچی ذیشان جعفری نے ٹیم کراچی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ خواتین کو بھی ہنرسکھائے جائیں تاکہ و ہ معاشی مشکلات میں اپنا اور اپنے خاندان کا سہارا بنیں۔ جنرل سیکریٹری ٹیم کراچی طاہر فاروقی نے بتایاکہ ٹیم کراچی کے سلائی سینٹرز کی نئی کلاسز کا آغاز 23 جنوری سے ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں