نجی اسپتال میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق، پٹرول پمپ پر ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی

نجی اسپتال میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق، پٹرول پمپ پر ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گارڈن میں قائم نجی اسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید جھلس گیا، جس کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ ناگن چورنگی کے قریب پٹرول پمپ میں ری فیولنگ کے دوران ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق نبی بخش کے علاقے گارڈن ایریا میں واقع نجی اسپتال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کی اطلاع پر پولیس،رینجرز، ریسکیو ادارے کی ایمبولینسیں اور فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ ریسکیو رضاکاروں نے وہاں سے ایک شخص کی جھلسی ہوئی لاش اور جھلس کر شدید زخمی ہونے والے ایک شخص کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا۔ فائر بریگیڈ کے مطابق جس جگہ آگ لگی وہاں کنٹینر میں ریکارڈ روم تھا جبکہ اسکریپ اور دیگر سامان بھی موجود تھا۔

پولیس کے مطابق جھلسی ہوئی حالت میں ملنے والی لاش کی شناخت 50 سالہ نوید ولد اقبال کے نام سے ہوئی، جو سرجانی ٹاؤن کا رہائشی اور اسپتال میں گزشتہ پندرہ سال سے بطور الیکٹریشن ملازمت کرتا تھا، جبکہ شدید جھلسی ہوئی حالت میں ملنے والا شخص 90 فیصد تک جھلس گیا ہے اور اس کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں سرسید کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب واقع پٹرول پمپ میں ری فیولنگ کے لیے آنے والے ٹینکر میں ری فیولنگ کے دوران اچانک آگ بھڑک اٹھی، آتشزدگی کے باعث وہاں بھگدڑ مچ گئی ،خوش قسمتی سے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کی وجہ ٹینکر کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں