اردو یونیورسٹی میں انجمن اساتذہ کا اجلاس

اردو یونیورسٹی میں انجمن اساتذہ کا اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس وفاقی اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اساتذہ کے نمائندہ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ 2013 اور 2017 کے منعقد شدہ سلیکشن بورڈ میں کامیاب ہونے والے امیدوراروں کو تمام ضروری قانونی تقاضے پورے کرکے فوری طور پر تقرر نامے جاری کئے جائیں اور اس سلسلے میں موصول ہونے والی شکایات کے سد باب کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی جائے۔

 اجلاس میں انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کی طرف سے گلشن اقبال کیمپس کی دونوں انجمن اساتذہ کے عہدیداران سمیت اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کے صدر ڈاکٹر غلام رسول لکھن نے کی۔ اجلاس کے آخر میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ سلیکشن بورڈ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو جلد از جلد تقرر نامے جاری کئے جائیں۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سلیکشن بورڈ کے انعقاد کے سلسلے میں موصول ہونے والی شکایات اور درخواستوں کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے، نئے سلیکشن بورڈ کا اشتہار جلد از جلد جاری کیا جائے، اساتذہ کے لیے ٹائم پے اسکیل کے مطابق بھی ترقیوں کا نظام وضع کیا جائے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں