گرین لائن سروس:خودکارزینے ،لفٹ غیرفعال،بزرگ مسافرپریشان
کراچی (رپورٹ: آصف سہتو) کراچی کے میگا پروجیکٹ گرین لائن بس سروس کے خودکار زینے اور لفٹ تاحال بحال نہ ہو سکی، 25 دسمبر سے شروع ہونے والے منصوبے اور 10 جنوری سے آپریشنل کی جانے والے بس سروس کے سرجانی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد اور ناگن چورنگی اسٹیشنز سمیت کئی مقامات پر لفٹس اور خودکا ر زینے اب تک بحال نہیں ہیں، جس کے باعث بزرگ شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔
بزرگ شہریوں نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ انہیں بس سروس شرو ع ہونے کے باوجود دشواری کا سامنا ہے۔ ناگن چورنگی کے اسٹیشن پر موجود شہری کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبے کے کئی اسٹیشنوں پر اسکیلیٹرز کھلے ہونے کی وجہ سے گرد و غبار اور کچرے سے اٹ چکے ہیں، لوہے زنگ آلود ہوگئے ہیں، اسی وجہ سے یہ چلائے نہیں گئے ہیں۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے چیئرمین سید ارشاد بخاری نے بھی گرین لائن بس سروس کو سراہتے ہوئے حکومت کی جانب سے ایک اچھی سہولت قرار دیا ہے۔