وفاقی نااہلی کے باعث کھاد کا بحران پیدا ہوا، اکرام دھاریجو

وفاقی نااہلی کے باعث کھاد کا بحران پیدا ہوا، اکرام دھاریجو

کراچی (این این آئی) وزیر صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو نااہل وزرا نے یرغمال بنا رکھا ہے، وفاقی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کے باعث ملک دن بدن معاشی بدحالی کی جانب بڑھ رہا ہے جو تشویشناک ہے ۔

اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث کھاد کا بحران پیدا ہوا، وفاقی وزرا مافیا کا روپ دھار چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں لاکھوں افراد شریک ہوں گے، اب نااہل وفاقی حکومت کو گھر جانا ہوگا۔ اکرام دھاریجو نے کہا کہ وفاقی وزرا نااہل ہیں اور انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو گھیرا ہوا ہے، آٹا مافیا، چینی مافیا، پٹرول مافیا سمیت ہر مافیا عمران خان کے اردگرد موجود ہے ،ملک کو مسائل سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہی نکال سکتا ہے ۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کا کہنا تھا کہ عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے عذاب سے تنگ آ چکے ہیں، ملک کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آئندہ وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی اکثریت حاصل کرکے ملک میں حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی بصیرت نے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں