جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں پلاسٹی سرجری ورکشاپس

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں پلاسٹی سرجری ورکشاپس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان آرتھرو پلاسٹی سوسائٹی نے پاکستان آرتھو پیڈک ایسوسی ایشن کے تعاون سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں 22 ویں پرائمری ٹوٹل ہپ آرتھرو پلاسٹی لائیو سرجری اور 26 ویں پرائمری ٹوٹل نی آرتھرو پلاسٹی لائیو سرجری ورکشاپس کا انعقاد کیا۔

 اس موقع پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے معلوماتی ورکشاپس کے انعقاد پر طبی ماہرین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گھٹنے اور کولہے کی سرجری کا مقصد جوڑوں کے ان حصوں کو بحال کرنا ہے جنہیں نقصان پہنچ چکا ہو اور اس درد کو دور کرنے کے لیے بھی جسے دوسرے علاج سے کنٹرول نہیں کیا جا سکتا ہو۔

ورکشاپس میں کراچی، لاہور، فیصل آباد، جامشورو، حیدرآباد، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹھٹھہ اور میرپورخاص سے 40 ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ کولہے اور گھٹنے کی آرتھرو پلاسٹی لائیو سرجری ورکشاپ کے کورس چیئرمین جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے شعبہ آرتھوپیڈک کے سابق سربراہ پروفیسر غلام محبوب جبکہ کورس کے شریک چیئرمین پروفیسر انیس الدین بھٹی اور پروفیسر اے آر جمالی تھے۔

پروفیسر سید شاہد نور نے کورس کے مقاصد پر گفتگو کی اور شرکا کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کیا۔ پروفیسر انتخاب توفیق، پروفیسر امین چنائے، پروفیسر منصور علی خان، ڈاکٹرعلی انور جیلانی، ڈاکٹر مسعود عمر، ڈاکٹر مجاہد جمیل، ڈاکٹر کاشف محمود، پروفیسر مراتب علی و دیگر نے بھی ورکشاپس میں شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں