کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سپر اسٹور،دکانیں سربمہر

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سپر اسٹور،دکانیں سربمہر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ نے طارق روڈ پر قائم سپر اسٹور کو سربمہر کردیا۔ اسی طرح سب ڈویژن فیروز آباد کی مختلف مارکیٹوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت تنبیہ اور ماسک پہننے کی تاکید کی گئی۔

 جمشید کوارٹرز سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنر ارسلان سلیم نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ڈریس وائس ٹیلر، شاہ زیب سعید مین ویئر اور الکرم فیبرک کو سربمہر کر کے 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ اس موقع پر متعدد دکان داروں کو تنبیہ بھی کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال نے کورونا ایس او پیز کے حوالے سے گلشن چورنگی پر شہریوں کے ویکسی نیشن کارڈ چیک کئے اور انہیں ماسک لگانے کی تلقین کی۔

اسسٹنٹ کمشنر اسکیم 33 نذیر ابڑو نے اپنے سب ڈویژن میں ایس او پیز کی چیکنگ کے دوران متعدد دکانداروں کو تنبیہ کی اور دوبارہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی کے مرتکب پانے والے دکانداروں کو سخت قانونی کارروائی کا انتباہ دیا۔ ڈپٹی کمشنر شرقی آصف جان صدیقی نے ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز ومختیار کارز کو ہدایت جاری کی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، چھوٹے بڑے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز ہیلتھ افسران کے ہمراہ اسکولوں کا دورہ کر کے 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کے لئے اسکول انتظامیہ کو پابند کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں