اورنگی ٹائون میں قبرستان کی اراضی واگزارکرالی گئی

اورنگی ٹائون میں قبرستان کی اراضی واگزارکرالی گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن میں شاہراہ قذافی اور قبرستان کی زمین پر قبضے کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی، جہاں قبضہ مافیا نے قبرستان میں دو دو سو گز کے پلاٹوں کی کٹنگ کرکے دیواریں تعمیر کرلی تھیں، جنہیں مسمار کردیا گیا جبکہ شاہراہ قذافی پر سرکاری زمین پر تعمیر کی گئی 10 غیر قانونی دکانیں بھی مسمار کردی گئیں۔

چند روز قبل قبضہ مافیا کے خلاف مقامی تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی تھی۔ اسی طرح اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں چھ ایکڑ سرکاری اراضی پر لینڈ مافیا کے قبضے کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جہاں تمام غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کردیا جائے گا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی شہر کے بنیادی انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ادھر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ محکمے نے بلوچ کالونی پل کے پولز پر لگائے گئے کیبلز اتار دیے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہر کی سڑکوں اور شاہراہوں پر بے ہنگم اور کھمبوں پر لٹکے ہوئے کیبلز شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں اور ان کی وجہ سے متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہٰذا شہر میں جہاں بھی سڑکوں اور پلوں پر بجلی کے کھمبوں کے ساتھ اس قسم کے کیبلز لگائے گئے ہیں انہیں اتار دیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں