سڑکوں پر تجاوزات کی بھرمار سے ٹریفک نظام درہم برہم

سڑکوں پر تجاوزات کی بھرمار سے ٹریفک نظام درہم برہم

کراچی (رپورٹ: عاطف رضا) شہر میں ٹریفک جام کے مسائل کی اہم وجوہات میں جہاں سڑکوں کی خراب حالت اور نکاسی کا بہتر انتظام نہ ہونا ہے، وہیں ایک اہم مسئلہ تجاوزات مافیا کی من مانی بھی ہے، سڑکوں پر قائم تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے، ٹریفک پولیس کی جانب سے بارہا اس جانب نشاندہی کے باوجود کوئی اہم پیشرفت نہ ہوسکی۔

ہر روز ٹریفک جام کے مسائل نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ہے ۔ پولیس کی جانب سے کارکردگی دکھانے کیلئے کبھی کبھار سختی بھی کی جاتی ہے، لیکن کچھ روز بعد پھر سے ان مقامات پر تجاوزات قائم ہوجاتی ہیں ۔ ٹریفک پولیس ذرائع مطابق شہر کے بیشترعلاقوں میں سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے، جبکہ اس کے ساتھ تجاوزات کی بھی بھرمار ہے، ٹریفک پولیس تجاوزات کے خلاف کارروائی نہیں کرتی، اس سلسلے میں ہم نے بارہا متعلقہ حکام کو سفارشات بھیجی ہیں۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے خلاف فوری کارروائیوں کا حکم دیا تھا، جس پر پولیس نے کچھ دنوں تک تو کارروائیاں کیں، لیکن کچھ دن بعد ان مقامات پر دوبارہ تجاوزات قائم ہوگئیں۔

ہوٹلوں اور کھانے پینے کی دکانوں نے باہر تک سامان رکھا ہوتا ہے، لیکن پولیس ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی، جس سے یہ تاثر جاتا ہے کہ پولیس کی جانب سے تجاوزات کی اجازت ملی ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں