گجر، اور نگی منظور کالونی نالا: 6 ہزار سے زائد متاثرین پلاٹوں کے منتظر
کراچی (رپورٹ: حنیف اکبر) صوبائی حکومت گجرنالا، اورنگی نالا اور منظورکالونی نالا کے 6 ہزار سے زائد متاثرین کو پلاٹوں کی فراہمی کے حوالے سے تاحال غور و خوض سے آگے نہیں بڑھ سکی، جس کی وجہ سے متاثرہ مکین پریشانی کا شکا رہیں ، تاہم 30 فیصد سے زیادہ متاثرہ گھروں کے مالکان کو کرایہ کی مد میں 6 ماہ کے دوران فی کس 90 ہزار روپے جاری کئے جاچکے ہیں، جن میں گجرنالا کے 2928 اور اورنگی و منظورکالونی نالوں کے بالترتیب 1629 اور52 متاثرہ مکین شامل ہیں، جنہیں چیک جاری کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان نالوں کے متاثرین کو لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اور ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے )کی حدود میں پلاٹ فراہم کئے جانے تھے، مگر تاحال اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر گجرنالا ،اورنگی نالا اورمنظورکالونی نالا کے اطراف سڑکیں بنائی جانی ہیں ، جن کا کام فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو دیا گیا ہے۔ نالا متاثر ین کو کرایہ کی مد میں رقم کی فراہمی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے کی جا رہی ہے اور آئندہ مزید ڈیڑھ برس تک کی جاتی رہے گی ۔
نالا متاثرین کو چیک کی فراہمی کے حوالے سے کام کرنے والے ایک افسر کے مطابق سپریم کورٹ نے دو برس تک متاثرہ پلاٹوں کے مکینوں کو ہر ماہ 15 ہزار روپے کرایہ کی مدمیں جاری کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر پہلے 6 ماہ کے چیک 90 ہزار روپے فی کس کے حساب سے 4 ہزار 600 سے زائد افراد کو جاری کئے جاچکے ہیں، جیسے جیسے لوگ اپنی دستاویزا ت جمع کراتے جائیں گے انہیں بھی کرایہ کی مد میں رقم کے چیک جاری کئے جاتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہترہوتا اگر اس حوالے سے بھی لیاری ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ والا طریقہ کار اختیار کیاجاتا کہ پلاٹ کے ساتھ ہی رقم دی جاتی، جس سے متاثرین اپنے پلاٹوں پر تعمیرات بھی شروع کرلیتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دو برس کے دوران نالا متاثرین کو کرایہ کی مد میں 3 لاکھ 60 ہزار روپے فی کس جار ی کئے جائیں گے۔