پاکستان سپر لیگ، فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کا فیصلہ، صرف ضروری سڑکوں کو بند کیا جائیگا

پاکستان سپر لیگ، فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کا فیصلہ، صرف ضروری سڑکوں کو بند کیا جائیگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر پولیس و رینجرز کے افسران نے کمشنر کو پی ایس ایل کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندے اور کراچی نیشنل اسٹیڈیم کے جنر ل منیجر ارشد خان نے کمشنر کو میچز کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال تماشائیوں کی تعداد کے بارے میں فیصلہ نہیں ہوا، توقع ہے بدھ کو (آج) این سی او سی کے اجلاس میں غور ہو گا اور تماشائیوں کی تعدا د کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا، تمام انتظامات کورونا ایس او پیز کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کئے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے، اسٹیڈیم کے اطراف راستوں کو سجایا جائے گا، شارع فیصل، ضلع وسطی، ضلع ملیر اور ضلع جنوبی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کھلاڑیوں کی تصاویر اور ان کے ایکشن کے کٹ آؤٹس آ ویزاں کئے جائیں گے، صرف ضروری راستوں کو بند کیا جائے گا۔

یقینی بنایا جائے گا اسٹیڈیم کے راستوں اور اطراف اسٹریٹ لائٹس نصب ہوں، شاہراہیں روشن رہیں اور شہر میں جشن کاسماں ہو۔ اجلاس میں ضلع جنوبی، شرقی اور ملیر کے ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی۔ کمشنر کراچی نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں