اتائیوں کیخلاف مشترکہ کارروائیوں کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ضلع وسطی میں غیر معیاری اسپتالوں، کلینکس اور ڈسپنسریوں کے علاوہ غیر مستند اور اتائی میڈیکل پریکٹشنرز کے خلاف کارروائی ضلعی انتظامیہ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اورسندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے اشتراک سے عمل میں لائی جائے گی۔
اس بات کا فیصلہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے ڈائریکٹر لائسنسسنگ اینڈ ایکریڈیشن ڈاکٹر الطاف حسین خواجہ اور ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم کے درمیان ملاقات میں کیاگیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بشیر منگی،ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کو کیری سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر رضیہ جمیل،انچارچ کوکیری ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر حرا ظہیر بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر غیر مستند ڈاکٹرز اور کلینکس کے خلاف مشترکہ کارروائی کرنے کے لئے لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم نے عوام کی صحت کے لئے ممکنہ طور پر خطرہ بننے والے غیر معیاری اسپتالوں، کلینکس، ڈسپنسریوں اور غیر مستند میڈیکل پریکٹیشنرز اور اتائیوں کے خلاف آپریشن اور غیر معیاری کلینکس کو سربمہر کیا جس کا مقصد اسپتالوں میں صحت و صفائی کے معیار، مریضوں سے سلوک اور عام انتظامی امور اسناد اور دیگر لازمی دستاویزات کی جانچ پڑتال تھا۔