لٹکے ہوئے کیبلزشہرکی خوبصورتی کومتاثرکرتے ہیں،ایڈمنسٹریٹر

لٹکے ہوئے کیبلزشہرکی خوبصورتی کومتاثرکرتے ہیں،ایڈمنسٹریٹر

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بے ہنگم اور لٹکے ہوئے کیبلز شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں، کے ایم سی، کے الیکٹرک اور کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ مشترکہ میٹنگ میں کیبل وائرز سے متعلق متفقہ فیصلہ کیا جائے گا۔

 یہ بات انہوں نے بدھ کوخالد آرائیں کی سربراہی میں آئے ہوئے پاکستان کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مختلف سڑکوں اور شاہراہوں پر پولز کے ساتھ لگائے گئے کیبل کے تاروں کو منظم کرنے پر گفتگو ہوئی اور اس حوالے سے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پہلے مرحلے میں شہید ملت روڈ، مائی کلاچی روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ اور بوٹ بیسن سے بے ہنگم کیبلز اور تاروں کو ہٹایا جائے اور بلوچ کالونی برج پر کیبل وائرز اور تاروں کو ماڈل کے طور پر منظم کیا جائے جس کے بعد اسی ماڈل کو شہر کی دیگر سڑکوں اور شاہراہوں پر نافذ کیا جائے گا تاکہ کیبل وائرز کے نظام کو بہتر اور جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے ۔

کے ایم سی کیبلز آپریٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ملاقات کے موقع پر پاکستان کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ شہر کی ترقی اور بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات میں آپ کے ساتھ ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں