نوڈیرو میں شہید بھٹو کی پہلی اہلیہ شیریں بیگم کی 20ویں برسی
نوڈیرو (رپورٹ،ارشادمیرانی)پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بڑی بیگم مرحومہ شیریں امیر بیگم بھٹو کی 20ویں برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ مرحومہ کے لے پالک بیٹے ندیم حسین بھٹو کی جانب سے دین محمد بھٹو ہائوس نوڈیرو میں منائی گئی جس میں نوڈیرو کے سیاسی سماجی اور مذہبی رہنمائوں سمیت بھٹوقبیلے کے معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن وفاتحہ خوانی کی گئی اورلنگر تقسیم کیا گیا ، مرحومہ بیگم بھٹو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی کزن تھیں جن کے ساتھ انہوں نے پہلی شادی کی تھی، شیریں امیر بیگم بھٹو سے اولاد نہ ہونے کی وجہ سے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بیگم نصرت بھٹو کے ساتھ دوسری شادی کی تھی جس کے بعد شیریں امیر بیگم بھٹو نے اپنی فیملی سے ندیم حسین نامی بچے کو گود لے لیا تھا۔
شہید بے نظیر بھٹو سے مرحومہ بہت پیار کیا کرتی تھیں اور انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو نوڈیرو ہائوس تحفے میں دیا تھا ، پیپلزپارٹی کی جانب سے انکی برسی کے حوالے سے کہیں کسی تقریب کا اہتمام نہیں کیا گیا، مرحومہ کے لے پالک بیٹے ندیم حسین بھٹو نے برسی کے روز گڑھی خدابخش بھٹو میں والدہ کے مزار پر پھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔