ضلع وسطی میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں،کئی دکانیں سربمہر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم کی ہدایت پرضلع وسطی میں کارروائیوں کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے اشتراک سے مختلف زونز میں متعدد غیر مستند ڈاکٹرز اور غیر معیاری اسپتالوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور متعدد اسپتالوں و نجی کلینکس کو سربمہر کیا گیا ۔
دوسری جانب عوام کو لوٹنے والے گراں فروشوں کے خلاف ضلع وسطی کے ہر زون میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ کارروائیوں کے دوران گراں فروشوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے جبکہ کئی دکانوں کو سربمہر کیا گیا جبکہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں نارتھ ناظم آباد بفرزون،نیو کراچی 7-D میں تجارتی و رہاشی علاقوں میں قائم بڑے رقبوں پر قائم پختہ تعمیرات کو منہدم کرنے کے ساتھ ساتھ پورے ضلع میں پختہ اور عارضی پتھاروں کے خلاف مستقل بنیادوں پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں ۔ ان کارروائیوں میں ضلعی انتظامیہ کو کے ایم سی، ڈی ایم سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں و دیگر متعلقہ اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔