بدعنوانی ملک کیلئے کینسر،خاتمہ کرناہوگا،ثروت قادری

بدعنوانی ملک کیلئے کینسر،خاتمہ کرناہوگا،ثروت قادری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بدعنوانی ملک کیلئے کینسر ہے۔

 اس کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، حقائق کی روشنی میں کرپشن اور بے قاعدگیوں کے خاتمے کیلئے احتساب کا نظام موثر بنانے کی اشد ضرورت ہے، بدعنوانی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے قومی ایکشن پلان کو ہر حال میں یقینی بنانا ہوگا، قومی خزانہ عوام کی امانت ہے، اس امانت میں خیانت اور کرپشن کرنیوالوں کے خلاف قانون کو ہر حال میں حرکت میں لایا جائے۔ مرکز اہلسنّت سے جاری بیان میں ثروت قادری کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کے دروازے کو ہمیشہ کیلئے بند کرکے ہی غریبوں کے استحصال کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں سمیت ہر سطح پر ملک کی دولت لوٹنے والوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے ساتھ ملک کی لوٹی گئی دولت واپس لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آج جن مسائل و مشکلات کا شکار ہیں اس کی اہم وجہ کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کرپشن، بدعنوانی کا خاتمہ چاہتی ہے ،حکومت بلا امتیاز کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی یقینی بنائے ،قومی ایکشن پلان ملک کے عوام کی ترجمانی ہے ،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والوں کی بہتر کارکردگی کے باعث کراچی میں امن قائم ہوا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں