شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت دشمن، وقار مہدی

 شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت دشمن، وقار مہدی

کراچی (این این آئی) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انکوائری انسپکشن ٹیم وقار مہدی نے لاہور میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت اور معصوم شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

 اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث درندوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ سلیکٹڈ حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے بعد اب دہشت گردی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر داخلہ کی دہشت گردوں سے ہمدردی ایک کھلا راز ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا موقف دو ٹوک ہے ، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے چھٹکارا فقط نیشنل ایکشن پلان میں پنہاں ہے ، جسے سلیکٹڈ حکمرانوں نے سرد خانے کی نذر کیا ہوا ہے ۔ وقار مہدی نے لاہور دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا اور دھماکے میں زخمی ہونے والوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں