امن وامان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک، جماعت اسلامی

امن وامان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک، جماعت اسلامی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے لاہور انارکلی بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں3افراد کی ہلاکت پر افسوس اور واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے اور قوم و سیکیورٹی اداروں کو متحد ہو کر دہشت گردوں کے خلاف لڑنے کی ضرورت ہے۔

اگر حکومت دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں سنجیدہ ہوتی تو لاہور کا دھماکا نہ ہوتا۔ ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی میں جکڑنے کے بعد اب امن و امان کی حالت بھی دن بدن بدتر ہورہی ہے اور لوگ شدید عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں، موجودہ حکومت اور وزیر داخلہ ملک کی ترقی، عوام کی خوشحالی ، امن امان کی بحالی کے بجائے آج بھی تمام برائیوں اور اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار سابقہ حکمرانوں کو قرار دے رہے ہیں جو ان کی نالائقی کی انتہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن وامان کی بگڑتی صورتحال تشویش ناک ہے ، غورکرنا ہو گا یہ واقعات دوبارہ کیوں ہو رہے ہیں؟دہشت گردی کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، اس نوعیت کی وارداتیں کرنے والے ملک اور اسلام دشمن ہیں، پوری قوم ان کے خلاف متحد ہے، واقعہ کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ہم امید کرتے ہیں لاہور واقعہ میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں