غیرقانونی تعمیرات کیخلاف پولیس کوتعاون کی ہدایت

غیرقانونی تعمیرات کیخلاف پولیس کوتعاون کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے پی این ٹی ہاؤسنگ سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر سندھ بلڈنگ کنٹرو ل اتھارٹی کو غیر قانونی تعمیرات ختم کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔

فاضل عدالت نے متعلقہ ڈی سی، ایس ایس پی اور ایس ایچ او کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے رابطہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت1ماہ کے لیے ملتوی کردی۔ جمعرات کو جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سر براہی میں 2رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ سماعت کے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے کورنگی نے عدالت میں پیش ہوکر رپورٹ پیش کی، جس میں کہاگیا تھا کہ ایس ایس پی اور ایس ایچ او تعاون نہیں کر رہے۔

پی این ٹی سوسائٹی میں 6 سو گز کے پلاٹ کو غیر قانونی طور پر تقسیم کیا گیا جبکہ پلاٹ کے مالک نے 90،90 گز کے چھ پلاٹ بنا لیے ہیں، ان پلاٹس پر2،2 منزلہ عمارتوں کے علاوہ جزوی طور پر تیسری منزل بھی غیر قانونی طور پر تعمیر کر رہا ہے، پورشن خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے تھے جبکہ ایس ایس پی اور ایس ایچ او کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے لئے فورس فراہم نہیں کی گئی، پولیس کے عدم تعاون کی وجہ سے غیر قانونی تعمیرات ختم نہیں کرائی جا سکی ہیں۔ اس موقع پر عدالت نے متعلقہ ڈی سی، ایس ایس پی اور ایس ایچ او کو ایس بی سی اے سے رابطہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایس بی سی اے کو پولیس فورس فراہم کی جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں