ضلعی انتظامیہ مشینری نہ ملنے پر تجاوزات ہٹانے میں ناکام

ضلعی انتظامیہ مشینری نہ ملنے پر تجاوزات ہٹانے میں ناکام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے میں کے ایم سی افسران کے سامنے بے بس ہونے لگی۔

عدالتی حکم کے تحت شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے کیلئے کمشنر کراچی آفس میں ایک ڈیسک بنایا گیا ہے، جس میں تجاوزات ہٹانے کے لیے مشینری وعملہ فراہم کرنا کے ایم سی کی ذمہ داری ہے ، تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مشینری وعملہ طلب کرنے پر کے ایم سی کا محکمہ انسدادتجاوزات ٹال مٹول سے کام لینے لگتا ہے، جس سے ضلعی انتظامیہ کی ساکھ متاثر ہورہی ہے۔ ذرائع کے مطابق جن علاقوں سے آپریشن کے بعد تجاوزات کاخاتمہ کیا جاتا ہے وہاں دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے دوبارہ تجاوزات قائم ہوجاتی ہیں۔ آپریشن کیلئے کے ایم سی کے ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مشینری فراہم نہیں کر رہے اور ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنرز کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنرز کے احکامات پر ہم آپریشن کیلئے ٹیمیں تشکیل دیتے ہیں، لیکن دو دو ہفتے تک مشینری دستیاب نہیں ہوتی، جس کے باعث تجاوزات کے خلاف آپریشن متاثر ہو رہا ہے، جبکہ دوسری جانب ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ نے خطرات کے پیش نظر مزید فورس کا مطالبہ کر دیا اور پولیس حکام کو خط لکھا ہے کہ انہیں جان کا خطرہ ہے، سیکیورٹی بڑھائی جائے۔ میونسپل کمشنر کے ایم سی کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مشینری کیلئے تحریری طور پر آگاہ کرے، فراہم کردینگے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں