حکومت سندھ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم، سریندر ولاسائی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق سریندر ولاسائی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ مکمل طور پر انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی تقریباً پچاس سال سے عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ طور پر کام کرتی آ رہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ، حکومت سندھ کے اشتراک سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا عنوان ’’سوچ کو بدلو‘‘ تھا۔ سریندر ولاسائی کا کہنا تھا کہ حقوق انسانی کیلئے کام کرنے والی شخصیات کے رضاکارانہ طور پر کام کرنے کے عمل کو سراہنے کیلئے آج جس عمل اور دن کی بنیاد ڈالی گئی ہے وہ آنے والے وقت میں بھی ہوتا رہے گا اور مستقبل میں ایک مثال رہے گا۔
سیمینار میں سیکریٹری محکمہ انسانی حقوق جاوید صبغت اللہ مہر، سول سوسائٹی کے ارکان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعدازں تقریب میں ان شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا جنہوں نے حقوق انسانی کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں۔ اس موقع پردیگر مقررین کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کو صحیح معنوں میں ترقی کرنا ہے تو اس کے شہریوں کو بلا امتیاز بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔