اسنیپ چیکنگ، رینجرز سندھ پولیس کا سافٹ ویئر استعمال کریگی

اسنیپ چیکنگ، رینجرز سندھ پولیس کا سافٹ ویئر استعمال کریگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوائنٹ کوآرڈی نیشن، شیئرنگ آف انفارمیشن اور اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے اجلاس ڈی آئی جی ساؤتھ آفس میں منعقد ہوا۔

جس کی صدارت ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے کی۔ سیکٹر کمانڈرز سچل اور غازی رینجرز بریگیڈیئر الطاف احمد ، بریگیڈیئر بلال محمود اور ونگ کمانڈرز، ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز انویسٹی گیشن کے ایس ایس پیز ساؤتھ زون ایس پی ہیڈکوارٹرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز ، ملزمان کے خلاف پولیس اور رینجرز کے درمیان انفارمیشن شیئرنگ کی بنیاد پر جوائنٹ آپریشنز پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہاٹ اسپاٹ پر پولیس اور رینجرز کی مشترکہ اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ پوائنٹس، پیٹرولنگ کی جائے گی، مشترکہ اسنیپ چیکنگ میں سندھ رینجرز سندھ پولیس کے سافٹ ویئر CRI کا بھی استعمال کرے گی۔

اہم کیس کی اپ ڈیٹس رکھی جائیں گی، اہم ملزمان کی انٹیروگیشن رپورٹ آپس میں شیئر کی جائے گی، جو ملزمان بری ہوچکے ہیں ان کا فالو اپ رکھا جائے گا، ضلعی سطح پر فوکل پرسنز کا تقرر کیا جائے گا جو اہم کیسز کی پروگریس اور اس کا تمام ریکارڈ محفوظ رکھیں گے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے کہا کہ پولیس کو سندھ رینجرز کی بڑی سپورٹ حاصل ہے، خاص طور پر آپریشن سائیڈ پر رینجرز کا بہت بڑا رول ہے۔ اجلاس کے آغاز میں غازی اور سچل رینجرز کی جانب سے ڈی آئی جی ساؤتھ کو کرائم پر پریزنٹیشن دی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں