میگا منصوبے کے فور کا نیا ڈیزائن اور پی سی ون تیار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے لیے 650 ملین گیلن فراہمی آب کے میگا منصوبے کے فور کا نیا ڈیزائن اور پی سی ون تیارکرلیا گیا ہے۔
جلد ہی ای سی سی میں منظوری کے لیے پیش کیاجائے گا، جس کے بعد امکانی طور پر منصوبہ اوپن کینال کے بجائے زیر زمین پائپ لائنوں پر بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق منصوبے کی نئی لاگت سوارب روپے سے 126 ارب روپے تک جا سکتی ہے، منصوبے پر کام کرنے والی کنسلٹنٹ فرم کے ذرائع کے مطابق منصوبے پر کام کا آغاز جنوری 2022 میں شروع کیا جانا تھا، تاہم مارچ 2022 سے اس پر کام شروع کیا جائے گا، کام شروع ہونے کے بعد کوشش کی جائے گی کہ لائنیں بچھانے کا کام دو سال میں مکمل کرلیا جائے، کم وبیش 15 سال کی تاخیر کا شکار منصوبے پر 2016 میں کام شروع کیاگیا تھا۔
جس پر کم وبیش دس سے بارہ ارب روپے کے اخراجات بھی ہوچکے ہیں، تاہم تین برس قبل واٹرکمیشن کی جانب سے ڈیزائن میں تبدیلیوں کی اطلاعات پر منصوبے پر کام روکنے کے احکامات دیئے گئے تھے، جس کے بعد کام بند رہا، اعتراضات اور ڈیزائن میں تبدیلیوں کے بعد وفاق نے منصوبے کو اپنے ذمہ لے کر اسے واپڈا کے حوالے کردیا، جس کی انتظامیہ نے منصوبے کا ڈیزائن ازسرنو بنواکر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل ہونے والے کام میں کم وبیش چالیس کلومیٹر اوپن کینال پر کام ہو چکا تھا جو سب ضائع ہو گیا ہے۔