نسلہ ٹاور کیس،ملزمان متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کاحکم

نسلہ ٹاور کیس،ملزمان متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کاحکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے نسلہ ٹاور کیس میں اینٹی کرپشن کی دفعات کے باعث ملزمان کو متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 عدلت نے ریمارکس دیئے پولیس کو اینٹی کرپشن کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ پولیس نے اینٹی کرپشن کی دفعات کے تحت مقدمہ کیسے درج کیا؟۔ جمعہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں نسلہ ٹاور کیس میں فیروزآباد پولیس نے گرفتار سابق ڈپٹی ڈائریکٹر کے ایم سی وسیم شیخ کو پیش کیا۔ عدالت نے مقدمے میں اینٹی کرپشن کی دفعات کے باعث ملزمان کو متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ اینٹی کرپشن عدالت کی جج کی رخصت کے باعث ملزمان کو لنک عدالت میں پیش کیا گیا۔

لنک عدالت کے ڈسٹرکٹ جج نے ملزمان کا ریمانڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کو اینٹی کرپشن کی دفعات مقدمے میں درج کرنے کا اختیار نہیں ہے، پولیس نے اینٹی کرپشن کی دفعات کے تحت مقدمہ کیسے درج کیا؟ پولیس وضاحت دینے میں ناکام رہی۔ تفتیشی افسر نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سے رجوع کرلیا۔ پولیس حکام صبح سے ملزمان کو لیکر عدالتوں کے چکر لگا تے رہے۔ بعد ازاں پولیس ملزمان وسیم شیخ اور نوید بشیر کو واپس تھانے لے گئی۔ واضح رہے کہ مقدمے میں سندھ مسلم سوسائٹی کے سابق اعزازی سیکریٹری نوید بشیر پہلے ہی گرفتار ہیں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ساؤتھ اینٹی کرپشن کی دفعات لگانے پر عدالت میں وضاحت دیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں