ایم ڈی واٹر بورڈ سے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل کا عہدہ واپس

ایم ڈی واٹر بورڈ سے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل کا عہدہ واپس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبا ئی حکومت نے ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان سے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل کا عہدہ واپس لیکر انہیں ایم ڈی کی پوسٹ پر مستقل کردیا۔ وہ کم وبیش 3 برس سے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل کی اسامی پر فائز تھے۔

 ایم ڈی کا عہدہ ہونے کے باوجود انہوں نے یہ پوسٹ نہیں چھوڑی تھی، اب جبکہ وہ چند ماہ بعد ریٹائر ہوجائیں گے تو انہیں ایم ڈی کی پوسٹ پر مستقل کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا بلدیہ کراچی میں تعینات چیف انجینئر عبدالرزاق جونیجو کو اسپیشل سیکریٹری ٹیکنیکل لوکل گورنمنٹ تعینات کردیا گیا۔ ظفر خان بلوچ پروجیکٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ پروجیکٹ تعینات ہوگئے، جبکہ نجیب احمد کا دونوں عہدوں سے تبادلہ کرکے لوکل گورنمنٹ ہاؤسنگ وٹاؤن پلاننگ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ کے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل اسداللہ خان کو منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ۔

مزید برآں چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے حال ہی میں سینئر ڈائریکٹر سروے گریڈ20 کے عہدے پر ترقی حاصل کرنے والے ظفر خان بلوچ کو لوکل گورنمنٹ پروجیکٹ میں پروجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کردیا ہے ،اسی طرح بلدیہ عظمیٰ کراچی میں چیف انجینئر کے عہدے پر تعینات رزاق جونیجو کو اسپیشل سیکریٹری ٹیکنیکل لوکل گورنمنٹ کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ نجیب احمد تعینات تھے، جن کا تبادلہ کرکے انہیں محکمہ بلدیات میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں