متروکہ وقف املاک، سنگین بدعنوانی کیخلاف کھاتے کھل گئے
کراچی (بزنس رپورٹر ) متروکہ وقف املاک میں سنگین بدعنوانیوں کے خلاف ایف آئی میں کھاتے کھل گئے ، وقف میں بے ضابطگیوں کی بڑے پیمانے پر شکایات کے بعد اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان نے ایف آئی اے کو ٹاسک دے دیا، زمینوں اور جائیدادوں کے معاملات میں بدعنوانیاں ثابت ہونے پر افسران و عملے کے خلاف کارروائی ہوگی، روزانہ کی بنیاد پرکھاتوں کی جانچ پڑتال اور عملے کی حاضریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بات انجمن کرایہ داران متروکہ وقف املاک پاکستان کے صدر عتیق میر نے ایک وفد کے ہمراہ ڈائریکٹر ایف آئی اے عامر فاروقی سے ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہی ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کرایہ داران متروکہ وقف املاک کے عملے اور افسران کی زیادتیوں و ناانصافیوں کے خلاف آرام باغ فرنیچر مارکیٹ میں ایک شکایتی سیل قائم کیا گیا ہے ، جہاں وقف کے کرایہ داران اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور زیادتیوں کی شکایات ثبوت کے ساتھ جمع کراسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کے کرایہ داران متروکہ وقف املاک ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو چکے ہیں، ظلم و زیادتی پر مبنی ہر کالے قانون کے خلاف کرایہ داران کے جائز حقوق کا دفاع کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے عامر فاروقی نے وفد کو بتایا کہ واجبات کی عدم وصولی، فنڈز میں خورد برد اور زمینوں و جائیدادوں کی منتقلی میں گھپلوں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔