کمشنر کا منگھوپیر میں سرکاری اسکولوں کی زبوں حالی کا نوٹس

کمشنر کا منگھوپیر میں سرکاری اسکولوں کی زبوں حالی کا نوٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی نے ضلع غربی کے علاقے منگھوپیر میں قائم سرکاری اسکولوں کی زبوں حالی کا نوٹس لے لیا۔

 تفصیلات کے مطابق علاقے کے سماجی ورکر عبدالغنی کی درخواست اور نشاندہی پر کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر غربی زین العابدین، اے ڈی سی II غلام دستگیر، بائیو میٹرک ڈسٹرکٹ ویسٹ کے انچارج سید فراز ودیگر نے تعلقہ ایجوکیشن گڈاپ ٹاؤن محمد حسن مہر، رانا افضال اور حسن گبول کے ہمراہ سرکاری اسکولوں کو درپیش مسا ئل اور بنیادی سہولتوں کے فقدان کا جائزہ لینے کیلئے منگھوپیر سر مستانی محلے میں قائم گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول حاجی محمود گوٹھ و دیگر کا ہنگامی دورہ کیا۔ اسکول میں طلباو طالبات کی زیادہ تعداد اور بچوں میں تعلیم کا شوق دیکھ کر خوش کا اظہار کیا، تاہم ایک استاد اور 2 کمروں پر مشتمل کلاس روم اور فرنیچر نہ ہونے پر فوری طور پر اساتذہ اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کمشنر کراچی اور وزیر اعلیٰ سندھ کو سفارشات ارسال کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر انہوں نے حاضری رجسٹر اور اساتذہ کی کارکرگی کا جائزہ لیا، جبکہ زیر تعلیم بچوں سے سوالات بھی کیے ۔مقامی سماجی تنظیم منگھوپیر سخی سلطان ویلفیئر کے چیئرمین و سماجی کارکن عبدالغنی، علی راجا، نور محمد جان، غلام مرتضیٰ، اکبر جان اوردیگر نے اسکول و علاقے کا تفصیلی دورہ کرایا اور مسائل کی نشاندہی کی، جس پر اعلیٰ افسران نے علاقہ مکینوں سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں