بلدیاتی بل پر تحفظات سننے، غور کرنے کو تیار ہیں، پیپلز پارٹی

بلدیاتی بل پر تحفظات سننے، غور کرنے کو تیار ہیں، پیپلز پارٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلدیاتی بل کو جواز بنا کر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی مشاورت سے اس شہر، صوبے اور ملک کی خدمت کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔

 ان خیالات کا اظہار دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے جمعہ کو مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی تمام سیاسی جماعتوں کے تحفظات سننے اور ان پر غور کرنے کو تیار ہے، البتہ کوئی یہ چاہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کا بلدیاتی نظام صوبہ سندھ میں دوبارہ رائج کردیا جائے تو یہ کسی صورت ممکن نہیں، سندھ حکومت صوبے میں جلد سے جلد بلدیاتی انتخابات کی خواہاں ہے، لیکن جب تک الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا کام مکمل نہیں کرلیتا انتخابات ممکن نہیں۔ قبل ازیں وفد نے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور وزیر اطلاعات سعید غنی کی قیادت میں مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی دفتر میں رہنماؤں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی سلمان مراد، اقبال ساند، ضلع شرقی کے جنرل سیکریٹری لالہ رحیم ،مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی ترجمان علامہ مبشر حسین، صوبائی سیاسی سیکریٹری علی حسین نقوی، علی احمر، آصف صفوی و دیگر بھی موجود تھے۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں سیاسی صورتحال، گیس و بجلی کے بحران سمیت صوبے میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں