ایران گئے دو نوجوان اغوا،30لاکھ روپے تاوان کامطالبہ

ایران گئے دو نوجوان اغوا،30لاکھ روپے تاوان کامطالبہ

پڈعیدن،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) ملک میں بڑھتی بے روزگاری کے سبب پکاچانگ کے قریبی علاقے کرونڈی کے دو نوجوان ایڈووکیٹ افتخار سومرو اور طاہر مغل روز گار کی تلاش میں انسانی اسمگلروں کے ہتھے چڑھ گئے۔

 جو انہیں روزگار کا جھانسہ دیکر اغوا کرکے ایران لے گئے اور وہاں زنجیروں میں جکڑ کر قید کردیا اور تشدد کی وڈیو بناکر مغویوں کے اہل خانہ کو بھیج کر رہائی کیلئے 30 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کردیا ۔ مذکورہ تشدد کی وڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوچکی ہے جس میں دیکھا جاسکتاہے کہ دونوں نوجوانوں کو اغوا کار تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں اور مغوی اپنے اہل خانہ سے 30 لاکھ روپے تاوان دینے کی اپیل کررہے ہیں۔ سجاول سے نمائندے کے مطابق چند ماہ قبل مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا شکار لڑکی حسینہ سہتو نے اپنے بھائی کے ہمراہ نیشنل پریس کلب سجاول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 نومبر 2021 کو چار ملزمان غلام حیدر سہتو،غلام رضا، دھنی بخش اور موسیٰ نے مجھے زیادتی کا نشانہ بنایا ۔گزشتہ روزہم میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کروانے کے بعد ہم واپس آرہے تھے تو ملزمان اور ان کے دیگر ساتھیوں نے ہمیں دھمکیاں دیں، ہماری اطلاع پر پولیس نے ان کو حراست میں لے لیا۔

انہوں نے اعلیٰ حکام سے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کی اپیل کی۔ کشمور کی مزاری مارکیٹ میں حنیف آٹوز سے رات گئے نامعلوم چور عقب کی دیوار توڑ کر چار موٹرسائیکلیں چوری کرکے لے گئے ، شوروم مالک احمد نواز مزاری کے مطابق ہم صبح شوروم پر آئے تو واردات کا پتہ چلا۔  دولت پور میں 2 نامعلوم چور عظیم انڑ کے بہنوئی کے گھر سے 70 ہزار روپے کی تین بکریاں چوری کرکے فرار ہوگئے۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق پولیس تھانہ ملک کی حدود گاؤں سیراندھی میں چور رانو خان نوتدو کی زرعی اراضی میں لگے ٹیوب ویل کی موٹر چراکر لے گئے۔ پیر جوگوٹھ سے نمائندے کے مطابق تھانہ وڈا مہیسر کی حدود سے عزیز اللہ چنو کی بھینس چوری ہونے کی اطلاع پر پولیس نے ملزمان کا پیچھا کیا تو ملزمان بھینس چھوڑ کر فرار ہوگئے جو پولیس نے مالک کے حوالے کردی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں