ناظم جوکھیو کیس،حتمی چالان کیلئے 26 جنوری تک مہلت

ناظم جوکھیو کیس،حتمی چالان کیلئے 26 جنوری تک مہلت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے میمن گوٹھ میں غیر ملکیوں کو شکار سے روکنے پر نوجوان ناظم جوکھیو کے قتل کیس میں پراسیکیوشن کو حتمی چالان جمع کرانے کے لئے 26 جنوری تک کے لئے مہلت دے دی۔

 ہفتہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں پراسیکیوٹر نے مقدمے کا حتمی چالان پیش کرنے کے لئے مزید وقت طلب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ایف ایس ایل کی حتمی رپورٹ موصول نہیں ہوسکی ہے، حتمی چالان کی فائل پراسیکیوٹر جنرل کو بھیجی گئی ہے ۔ عدالت کاکہنا تھا کہ حتمی چالان جمع ہوئے کافی وقت ہو چکا ہے، ابھی تک عدالت میں پیش کیوں نہیں کیا جا سکا۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ چالان پہلے ماڈل کورٹ میں پانچ دن رہا، اگلے دن فائل پراسیکیوٹر جنرل کو بھیجی گئی جو اب تک واپس نہیں آسکی۔

عدالت کاکہناتھا کہ واقعہ کو پیش آئے مہینوں گزر چکے، ابھی تک حتمی چالان پیش نہیں کیا جا سکا۔ ادھر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے خلاف درخشاں پولیس اسٹیشن پر حملے اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں تفتیشی افسر کی عدم حاضری پر سماعت ملتوی کردی۔ سندھ ہائی کورٹ نے ذوالفقار علی بھٹو لا یونیورسٹی کے ہاسٹل اور اکیڈمک بلاک کی تعمیر کے ٹھیکوں میں بے قاعدگیوں سے متعلق درخواست پر یونیورسٹی انتظامیہ سے ایک مرتبہ پھر جواب طلب کر لیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں