تبلیغی اجتماع کیلئے خصوصی انتظامات کررہے، معاون وزیراعلیٰ

تبلیغی اجتماع کیلئے خصوصی انتظامات کررہے، معاون وزیراعلیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ضلع غربی علی احمد جان نے کہا ہے کہ اجتماع گاہ آنے والے راستوں پر تعمیر و مرمت، نکاسی آب اور روشنی کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر غربی وسیم مصطفی سومرو کے ہمراہ اجتماع گاہ آنے والے راستوں کا معائنہ اور منتظمین سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ علی احمد جان نے مزید کہا کہ اجتماع گاہ میں سڑک کی تعمیر حکومت سندھ کے تعاون سے کئے جا رہے ہیں، جبکہ اطراف کے راستوں کی تعمیر ومرمت،روشنی کی فراہمی اور نکاسی آب کے کام انتظامیہ بلدیہ غربی کرا رہی ہے ۔

اس موقع پر انہوں نے میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرو کے ہمراہ ایم پی آر کالونی سے اجتماع گاہ آنے والے روڈ اور الجنت شادی ہال سے اجتماع گاہ آنے والے راستے میں نکاسی آب کے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اجتماع کے آغاز سے اختتام تک زائرین کو سہولتوں کی فراہمی کے عمل کو جاری رکھا جائے ، اجتماع گاہ آنے والے راستوں کو جلد ہموار،نکاسی آب اور اسٹرئٹ لائٹس کے سمیت روشنی کے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے کاموں کو دو شفٹوں میں کرنے کے ساتھ جراثیم کش دواؤں کے اسپرے کی بھی ہدایت کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں