لانڈھی میں تیزرفتارگاڑی نے راہگیرخاتون کو کچل دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے کاٹھوڑ پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر راہگیر زخمی ہوگیا ،جسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھاکہ راستے میں دم توڑگیا۔متوفی کی شناخت 32 سالہ عظیم ولد خادم حسین کے نام سے ہوئی ۔ جیکسن کے علاقے شیریں جناح کالونی میں منی بس اسٹاپ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 22 سالہ فرحان موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ شرافی گوٹھ کے علاقے لانڈھی فیوچر موڑ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئی، جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں متوفیہ کی شناخت 40 سالہ گلشن زوجہ اللہ ورایو کے نام سے ہوئی۔ متوفیہ شرافی گوٹھ کی رہائشی بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب کورنگی تھانے کی حدود کورنگی بلال چورنگی فاطمہ کمپنی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت 55 سالہ محمد عامر ولد منصور احمد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔