علاج کے بجائے مرض سے بچاؤ پرتوجہ کی ضرورت،صدر علوی

علاج کے بجائے مرض سے بچاؤ پرتوجہ کی ضرورت،صدر علوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صحت کے نظام میں ٹیکنالوجی پر مبنی مہارت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں علاج کے بجائے بیماریوں سے بچاؤ پر توجہ مرکوزکرنے کی ضرورت ہے۔

 یہ بات انہوں نے ہفتہ کو سینٹرآف انوویشن ان میڈیکل یونیورسٹی میں آغاخان یونیورسٹی کی سینئر قیادت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگے علاج کی وجہ سے ملک میں کئی افراد اسپتالوں بالخصوص نجی اسپتالوں میں جانے سے گریز کرتے ہیں، ہمارے اسپتالوں کو نظام صحت میں بیماریوں کے تدارک کے پہلوؤں کو فروغ دینے کیلئے اپنی توجہ مرکوزکرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ نرسنگ عملے کی تعداد میں نمایاں اضافے کیلئے کئی نرسنگ کورسز اور پروگرام آن لائن کرائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے آغا خان یونیورسٹی کی فیکلٹی اور ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ معیاری اورمربوط صحت عامہ کے نظام کے قیام کیلئے صاحب بصیرت مفکرین و ماہرین کا گروپ قائم کریں۔ قبل ازیں صدر مملکت کو آغاخان یونیورسٹی کی جانب سے بنیادی تعلیم، آؤٹ ریچ صحت خدمات، امتحانی نظام اورتحقیق کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ صدر مملکت کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی بنیادی تعلیم، آؤٹ ریچ، صحت کی خدمات، امتحانی نظام اورتحقیق کے شعبے میں کام کے ذریعے سماجی ترقی میں اپنا کردار اداکررہی ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں