ایم ڈی اے میں نااہل لوگ، شہری 6 سال سے دھکے کھا رہا ہے، ہائیکورٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے پلاٹ کے حصول سے متعلق شہری عبدالقادر کی درخواست پر ڈائریکٹر جنرل ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے موقع پر عدالت کا کہنا تھا کہ عدالت نے متبادل پلاٹ کا حکم دیا تھا، بتائیں متبادل پلاٹ کہاں ہے۔ اس موقع پر ایم ڈی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ شہری کو متبادل پلاٹ 2 کلو میٹر کے فاصلے پر دیدیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اس کو پلاٹ 2 کلومیٹر دور نہیں بلکہ 20کلو میٹر جنگل میں دیا گیا ہے۔ دوران سماعت عدالت نے ایم ڈی اے کے وکیل کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متبادل پلاٹ دو ورنہ توہین عدالت کی کارروائی کریں گے، شہری 6 سال سے دھکے کھا رہا ہے کوئی فکر نہیں۔
سماعت کے موقع پر عدالت نے ایم ڈی اے کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں متبادل دیں ورنہ توہین عدالت کی کارروائی کریں گے، ایم ڈی اے میں نا اہل لوگ بیٹھے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے ڈائریکٹر جنرل ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔