ناظم آباد:کوائف نہ ہونے پر اسپتال، میڈیکل اسٹور سربمہر

ناظم آباد:کوائف نہ ہونے پر اسپتال، میڈیکل اسٹور سربمہر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر وسطی طحہٰ سلیم کی سربراہی میں ضلع وسطی میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز و مختیار کار اپنے اپنے دائرہ اختیار میں مسلسل غیر قانونی سرگرمیوں کو ختم کرنے میں مصروف ہیں۔

ڈپٹی کمشنر طحہٰ سلیم نے گزشتہ شب فیڈرل بی ایریا میں قائم ریسٹورنٹس کا دورہ کر کے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ریسٹورنٹ مالکان کو تنبیہ کی کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ دوسری جانب مختیار کار ناظم آباد نسیم احمد نے انچارج کوکیری ڈاکٹر حرا ظہیر کے ہمراہ ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں قائم نجی اسپتالوں اور پرائیویٹ میڈیکل پریکٹیشنر سمیت میڈیکل اسٹورز کا معائنہ کرنے کے ساتھ کوائف کی جانچ پڑتال کی، جہاں جہاں صحت و صفائی کا انتظام غیر معیاری تھا ان اسپتالوں کی انتظامیہ کو تنبیہ کی گئی جبکہ ضروری دستاویزات پیش نہ کرنے والے اسپتال اور میڈیکل اسٹور کو سربمہر کردیا گیا۔

اس کے علاوہ غیر مستند و اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بھی مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ نے فیڈرل بی ایریا میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کرا دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں