بدحال سڑکوں کیخلاف میرپورخاص میں شہریوں کا احتجاج

بدحال سڑکوں کیخلاف میرپورخاص میں شہریوں کا احتجاج

میرپور خاص،ڈگری(بیورورپورٹ،نمائندہ دنیا)20ہزار سے زائد آبادی رکھنے والی یوسی کاک بنگلہ کے رہائشی اکھڑے روڈ کی مرمت نہ ہونے پر سراپا احتجاج بن گئے ، درجنوں کی تعداد میں بچوں ، بوڑھوں و نوجوانوں نے عیسی لغاری موری کے قریب منتخب نمائندوں و ضلعی انتظامیہ کے خلاف روڈ مرمت نہ کرنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور کہا کہ یوسی کاک میں تقریباً 20 سے زائد گائوں ہیں۔

 جہاں جانے کے لیے واحد راستہ عیسی خان لغاری روڈ ہے ، 30 سال پہلے بننے والے روڈ کی مرمت آج تک نہ ہونے کے باعث یہاں کے لوگوں کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے ، روڈ کی زبوں صورتحال سے آئے دن حادثات معمول بن چکے ہیں، بیمار لوگوں کو فوری طبی علاج کے لئے بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، روڈ پہ مٹی دھول اڑنے سے گائوں کے لوگ کھانسی نزلہ زکام و چمڑی کی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ہیں، ہم نے کئی بار حلقے کے نمائندوں سید ذوالفقار علی شاہ، سید علی نواز شاہ و دیگر کو درخواستیں دیں پر انہوں نے کوئی نوٹس نہیں لیا ،ہم منتخب نمائندوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر روڈ کی مرمت کی منظور دی جائے ورنہ ہمارے علاقے میں ووٹ مانگنے نہ آئیں ۔

ڈگری میں مین روڈز پر تجاوزات، جگہ جگہ ریڑھے ، رکشے اور ٹیکسی اسٹینڈ بن جانے کے ساتھ اپنی مرضی سے گاڑیاں پارک کرنے سے ڈگری کی مین سڑکیں تنگ گلیوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، ـ رنگ روڈ نہ ہونے سے ہیوی ٹریفک بھی شہر سے گزرتی ہیں جس کی وجہ سے دن میں سارا دن سڑک جام رہتی ہیں اور پیدل جانا بھی محال ہوتا ہے ،ـ

ٹریفک جام کی وجہ سے ایک ہفتے میں دو قیمتی جانوں کا بھی نقصان ہوچکا ہے ـ اور درجنوں افراد زخمی ہوچکے ہیں اس کے باوجود انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، ـ مین روڈز سے ریڑھے اور رکشے ہٹوانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے اور نہ ہی تجاوزات کے خلاف کوئی آپریشن کیا گیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں