دہشتگردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ

دہشتگردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شیعہ علما کونسل پاکستان کے زیراہتمام امام بارگاہ شہدا کربلا میں شہدا اسلام کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں مختلف مکاتب فکر کے علما کرام اور عوام نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ شبیرحسن میثمی نے کہا کہ اس وقت ملک میں اتحاد و وحدت کی فضا کو قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے، تمام مسالک کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں ہم سب کو اپنا اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل علامہ ناظر عباس نے کہا کہ پاکستان ایک انتہائی حساس دور سے گزر رہا ہے، ملک میں ایک بار پھر دہشت گردی کی لہر پھیل رہی ہے، حکومت کو چاہیے کہ لوگوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنائے اور دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرے تاکہ ملک میں امن وامان کی فضا کو یقینی بنایا جا سکے، شہدا کے قاتلوں کو آئین و قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں ۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو چاہیے اپنی صفوں میں اتحاد و وحدت کو فروغ دے، ہمارے سب سے بڑے دشمن امریکا اور اسرائیل ہیں۔ کانفرنس سے علامہ باقر زیدی، علامہ اسد اقبال،علامہ رضی حیدر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں