علما منبر ومحراب سے عوام کی رہنمائی کریں،حسین محنتی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ قرآن وسنت کی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے آج امت مسلمہ بے شمار مسائل کا شکار، معاشرے میں بگاڑ اور معیشت تباہ ہے، علما کرام منبر ومحراب کے پلیٹ فارم سے قرآن وسنت کی روشنی میں اصلاح معاشرہ اور عوام کی رہنمائی کا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
ڈائریکٹر فتویٰ کونسل اسلامی فقہ اکیڈمی مفتی مصباح اللہ صابر، مدیر جامعہ احسن بھٹو، مفتی ولی محمد سہتو، مفتی جلال الدین منصوری اور مولانا فقیر محمد منصوری نے بھی خطاب کیا۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ دستور پاکستان میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ تمام ملکی قوانین کو آہستہ آہستہ اسلام کے مطابق ڈھالا جائے گا، مگر نصف صدی سے زائد عرصہ گزرجانے کے باوجود برسراقتدار آنے والے حکمرانوں نے اس پر عمل نہیں کیا۔
جس کی وجہ سے ملک معاشی، سیاسی اور اخلاقی طور پر پیچھے چلاگیا ہے، بانی پاکستان قائد اعظم ؒ نے اسلامی و خوشحال پاکستان کا خواب دیکھا تھا، مگر کرپٹ ودین بیزار قیادت کی جانب سے سودی نظام معیشت، سیکولر ازم، بے حیائی کے کلچر کو فروغ اور تعلیمی نظام سے اسلام کی روح کو نکالا جارہا ہے ، اسلامی فقہ اکیڈمی نے ملک بھر میں اپنا جال بچھایا ہوا ہے جو قرآن وسنت کی روشنی میں مسائل حل کرکے عوام کی رہنمائی کر رہی ہے۔