پولیس کی انسداد جرائم مہم،ایک ہزار سے زائد ملزمان گرفتار

پولیس کی انسداد جرائم مہم،ایک ہزار سے زائد ملزمان گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پولیس نے شہر میں جرائم کی روک تھام کیلئے راہزنوں، منشیات فروشوں اور مفرور ملزمان کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 1031 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔

پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 68 کلو 707 گرام چرس، 7 کلو 683 گرام ہیروئن اور 1 کلو 6 گرام آئس برآمد کی گئی۔ گرفتار راہزنوں سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 126 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن تحویل میں لے لیا گیا۔

شہر میں انسداد جرائم مہم کے دوران ملزمان سے پولیس کے 20 مقابلے ہوئے ، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 30 زخمی ڈاکوؤں سمیت 31 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے 28 پستول، 14 موٹرسائیکلیں، 4 کاریں اور شہریوں سے چھینا گیا سامان برآمد کر لیا گیا۔

ملزمان سے برآمدہ اسلحہ فارنزک کیلئے روانہ کر دیا گیا۔ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی نے شہر کے مختلف علاقوں سے کار/موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث گروہ کے 4 کارندے گرفتار کر کے 2 چوری/چھینی گئی گاڑیاں برآمد کیں۔

کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھینی و چوری شدہ 50 موٹرسائیکلیں اور 5 گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔کراچی پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے ، امن وامان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کیلئے اقدامات جاری رہیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں