سندھ حکومت نے صوبے کا بیڑہ غرق کر دیا، شاہی سید
کراچی (اسٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے اے این پی ضلع کیماڑی کی جانب سے مشرف کالونی ہاکس بے میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے شہر کی تمام مظلوم قومیتوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ڈومیسائل اور پی آ ر سی میں پختونوں کے ساتھ امتیازی سلوک بند کیا جائے ، اس شہر کے سرکاری اداروں میں نوکریوں پر مقامی نوجوانوں کا حق ہے،کراچی میں صحت اور تعلیم کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے پورے سندھ کا بیڑہ غرق کردیا ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کراچی شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے، کراچی کے شہریوں کی محرومیوں میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جو ایک خطرناک بات ہے ۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے کہا کہ اے این پی کا ورکر ہی ہمارا اصل سرمایہ ہے، ہم نے ہمیشہ شہر کراچی میں مظلوموں کے مسائل کو اسٹریٹ پاور سے حل کیا ہے، اے این پی اس شہر کے مسائل کو اپنی تنظیمی قوت سے ہی حل کرے گی ،ہم باچا خان بابا کے پیروکار ہیں، ہمیں ایوانوں سے تو باہر کیا جاسکتا ہے لیکن سیاسی میدان سے باہر نہیں کیا جا سکتا، کارکنان اور ذمہ داران تنظیمی ڈھانچے اور پارٹی ڈسپلن پر عمل کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔