جنوبی پنجاب سے پہلے ہزارہ صوبہ بنے گا، سردار یوسف

جنوبی پنجاب سے پہلے ہزارہ صوبہ بنے گا، سردار یوسف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک و سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سے پہلے ہزارہ صوبہ بنے گا، صوبوں کی بات ہزارہ کے عوام نے خون دے کر شروع کی ہے، سات جانیں قربان کی ہیں، اپوزیشن لیڈر فلور آف دی ہاؤس پر حکومت کو نئے صوبوں کی حمایت کا یقین دلا چکے، اگر ہزارہ کے عوام کا حق دبایا گیا تو ہم پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے مستقل دھرنا دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دائود چورنگی لانڈھی میں صوبہ ہزارہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر رہنما صوبہ ہزارہ تحریک سینیٹر طلحہ محمود، سینیٹر پیر صابر شاہ، پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے فہیم خان، ایم پی اے راجہ اظہر، جماعت اسلامی کے رہنما عبدالرزاق عباسی نے بھی خطاب کیا۔ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مزید کہا کہ ہزارہ کے سات لوگوں نے اپنی جانیں دے کر صوبے کی تحریک شروع کی ، ہم نے پورے پاکستان میں انتظامی سطح پر نئے انتظامی یونٹ بنانے کی بات کی ہے اور آج کوئی کس طرح یہ کہہ سکتا ہے کہ پہلے کوئی اور صوبہ بنے گا۔

ہزارہ کے شہدا سے غداری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، کسی نے اگر ایسا کیا تو وہ ہماری لاشوں سے گزر کر کرے گا، ہزارہ واحد ایسا خطہ ہے جس پر اس علاقے کی تمام قیادت متفق ہے۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ہزارہ کے ڈیم توانائی کے بحران کے حل میں سب سے زیادہ مددگار ہوں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں