عباسی شہید اسپتال: صفائی کی خراب صور تحال، مریض، تیمار دار پریشان

عباسی شہید اسپتال: صفائی کی خراب صور تحال، مریض، تیمار دار پریشان

کراچی (رپورٹ: کفیل الدین فیضان) شہر کے تیسرے بڑے عباسی شہید اسپتال میں صفائی کی حالت دگرگوں، جا بجا کچرا پڑا ہونے کے باعث مریضوں اور تیمارداروں کو شدید پریشانی کا سامنا، اسپتال کے مرکزی دروازے سے متصل سڑک سیوریج کے بدبودار پانی سے بھر ی ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے تیسرے بڑے اسپتال عباسی شہید کی حالت دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے، انتظامیہ کی جانب سے بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں کہ اسپتال میں بہتری لانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ آئے روز صوبائی وزرا اور اعلیٰ حکام بھی عباسی شہید اسپتال کے دورے کرتے ہیں، تاہم صورتحال اس کے برعکس ہے۔ اسپتال کے باہر طبی فضلہ پھینکا جارہا ہے جبکہ سیوریج کا پانی بھی بہہ رہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے اس صورتحال پر کسی بھی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔

فرش پر ڈسپوز ایبل گلوز، سرنجیں، اشیائے خورونوش کے پیکٹس، جوس کے ڈبے ،دواؤں کی پرچیاں ، سگریٹ کے پیکٹس اور دیگر اشیا بکھری رہتی ہیں جبکہ فرش پر پان اور گٹکے کے نشانات بھی ہیں لیکن ان کی صفائی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث مریضوں ،ان کے ہمراہ آئے تیمار داروں اور ڈاکٹرز کوبھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہر کے تیسرے بڑے سرکاری اسپتال عباسی شہید میں صفائی کی حالت ناگفتہ بہ ہے، دیواروں سے رنگ اکھڑ رہا ہے، بیشتر کھڑکیا ں ٹوٹی ہوئی ہیں، دروازے خستہ حالی کا شکار ہیں، فرش پر جا بجاپان گٹکے کے نشانات اور کچرا بکھرا رہتا ہے، جبکہ مرکزی عمارت میں جا بجا کچرا پڑا رہتا ہے، جس کو صاف نہیں کیا جارہا۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس سوئپرز کی کمی ہے، اس سے قبل ہمارے پاس 120 خاکروب تھے لیکن اب صرف 60 رہ گئے ہین، جس کے باعث گندگی رہتی ہے، ہمارے پاس فنڈز کی بھی کمی ہے، جس کے باعث یہ صورتحال پیداہوئی ہے، اس کے علاوہ لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ صفائی کا خیال رکھیں، لوگ اپنے گھروں میں پان گٹکا کھاکر نہیں پھینکتے لیکن اسپتال کے فرش کو گندا کر دیتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں